نئی دہلی 27؍مارچ (ایس او نیوز)کرناٹک میں اسمبلی انتخابات 12 مئی کوہوں گے ،جبکہ ووٹوں کی گنتی کے ساتھ نتائج کا اعلان 15 مئی کو کیا جائے گا۔ اس بات کا اعلان الیکشن کمیشنر آف انڈیا اوم پرکاش راوت نے پریس کانفرنس میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں 4,96,82,357 لوگ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے، جس میں مرد ووٹروں کی تعداد 2,51,79,219 ہیں جبکہ خواتین ووٹروں کی تعداد 2,44,76,840 ہیں۔ انتخابات کے لئے ریاست بھر میں 56,696 پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے۔ آگے کہا کہ ان بوتھوں میں 450 اسٹیشنوں کا انتظام و انصرام خواتین افسران کے ذمہ ہو گا۔ وہیں، سبھی پولنگ بوتھوں پر ای وی ایم کے ساتھ وی وی پییٹ مشینوں کا بھی استعمال کیا جائے گا۔ یہاں ہر خاندان کو ایک ووٹر گائیڈ دیا جائے گا اور ہر ووٹر کو فوٹو ووٹر سلپ دی جائے گی۔
اوم پرکاش راوت نے بتایا کہ 224 اسمبلی نشستوں پر مشتمل انتخابات ایک ہی مرحلے میں منعقد کئے جائیں گے، اپریل 17 کو نوٹیفییکشن جاری کی جائے گی اور اُمیدواروں کی طرف سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 24 اپریل ہوگی۔اگلے روز 25 اپریل کو کاغذات کی جانچ ہوگی جبکہ نام واپس لینے کی آخری تاریخ 27 اپریل طے کی گئی ہے۔
ریاست میں تیاریاں جاری: ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر سنجیو گپتا نے اس سے قبل خبر دی تھی کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایت کے مطابق ریاستی سطح پر تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے کرناٹکا میڈیا اکاڈمی کے احاطہ میں میڈیا کے نمائندوں کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور وی وی پیاٹ نظام کے مظاہرے کی شروعات کرتے ہوئے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور وی وی پیاٹ کے عوامی مظاہرے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو محفوظ ترین اور کسی بھی طرح کی تحریف سے آزاد قرار دیتے ہوئے سنجیو کمار نے کہاکہ سپریم کورٹ نے بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور وی وی پیاٹ نظام کے استعمال سے مطمئن ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی حال میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں دخل اندازی ممکن نہیں ہے۔ انٹرنیٹ ، بلو توتھ ، وائر لیس یا کسی بھی مواصلاتی آلے کا دخل ووٹنگ مشین کو متاثر نہیں کرپائے گا۔ انہوں نے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی تیاری سے لے کر سربراہی تک ان شکایات کا موقع نہ ملے اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں امیدواروں کی تعداد کے حساب سے ووٹنگ مشینوں اور وی وی پیاٹ کی پروگرامنگ کی جائے گی۔ ہر ایک ووٹ کے بعد وی وی پیاٹ نظام میں امیدوار کے انتخابی نشان کی نمائش کا نظم کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ووٹنگ مشینوں میں جو مائکرو کنٹرول چپ ہوتی ہے اس کا استعمال صرف ایک ہی بار ممکن ہے، اس چپ کے سافٹ ویر کو کسی بھی حال میں ظاہر نہیں کیا جائے گا۔